بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ ایمان، محض اللہ تعالیٰ کا وجود ماننے کا نام نہیں؛ بلکہ اُس مستقبل کے سامنے ایک قسم کا سکون ہے جسے وہی اللہ تعالیٰ متعین فرمائے گا۔ جو انسان، اللہ کے وعدوں پر یقین رکھتا ہے، وہ اپنی زندگی کے حساب کتاب میں اِس اطمینان کے لئے جگہ بنا لیتا ہے کہ مشکلات و مسائل راستے یا مشن کا اختتام نہیں ہیں۔
قرآن کریم اِس اعتماد کی تشکیل کا طریقہ دکھانے کے لئے موسیٰ (علیہ السلام) کی والدہ کا واقعہ بیان کرتا ہے؛ ایسی ماں جسے اپنے بچے کو پانی کے سپرد کرنا ہے، لیکن وہ ایک الٰہی وعدے سے دل باندھ لیتی ہے۔ اِس واقعے میں بچے کا واپس آنا صرف 'ایک پریشانی' کا خاتمہ نہیں؛ بلکہ سب کے لئے اُن بڑے وعدوں پر یقین کی نشانی ہے جن کی تکمیل میں شاید کئی سال لگ جائیں۔
ایمان؛ زندگی کے حسابات میں سکون و اطمینان
"ایمان" "امن" سے ماخوذ ہے اور یہ سکون و اطمینان کی نشاندہی کرتا ہے۔ اللہ پر ایمان رکھنے والا اُس کے وعدوں کے سامنے بھی امن و سکون محسوس کرتا ہے؛ ایسے وعدے جو انسان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی سے تعلق رکھتے ہیں اور اُس کے مستقبل کے بارے میں اس کے نظریئے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ ایسا یقین محض کوئی اندرونی احساس نہیں؛ بلکہ انسان کے فیصلوں اور حسابات اور منصوبوں میں بھی موجود ہوتا ہے۔
قرآنِ کریم مختلف وعدوں کا ذکر کرتا ہے:
اللہ رزق دینے والا ہے:
"إِنَّ اللَّهَ هُوَ الرَّزَّاقُ ذُو الْقُوَّةِ الْمَتِينُ؛
یقیناً اللہ ہی بڑا رزق دینے والا، بڑی پائیدار طاقت والا ہے۔" (ذاریات - 58)،
مومنوں کو فتح کا وعدہ دیتا ہے:
"وَعَدَ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا مِنكُمْ وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ لَيَسْتَخْلِفَنَّهُم فِي الْأَرْضِ كَمَا اسْتَخْلَفَ الَّذِينَ مِن قَبْلِهِمْ وَلَيُمَكِّنَنَّ لَهُمْ دِينَهُمُ الَّذِي ارْتَضَى لَهُمْ وَلَيُبَدِّلَنَّهُم مِّن بَعْدِ خَوْفِهِمْ أَمْناً؛
تم میں سے جو لوگ ایمان لے آئے ہیں اور نیک اعمال بجا لائے ہیں اللہ نے ان سے وعدہ کر رکھا ہے کہ انہیں زمین میں اس طرح جانشین ضرور بنائے گا جس طرح ان سے پہلوں کو جانشین بنایا اور جس دین کو اللہ نے ان کے لئے پسندیدہ بنایا ہے اسے پائیدار ضرور بنائے گا اور انہیں خوف کے بعد امن ضرور فراہم کرے گا." (نور - 55)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بقلم: محمد علی فانی
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ